دنیا کی پانچویں امیر ترین شخصیت "آئی فون" سے خوفزدہ کیوں تھی؟
نیویارک: وارن بفے دنیا کے پانچویں امیر ترین آدمی ہیں جنہوں نے آئی فون بنانے والی کمپنی "ایپل" میں بھی بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
لیکن اب انہوں نے آئی فون کے متعلق ایسا انکشاف کر ڈالا ہے کہ ہر سننے والا دنگ رہ جائے۔
یاہو کو انٹرویو دیتے ہوئے وارن بفے نے بتایا، 'ایک وقت تھا کہ مجھے آئی فون سے ڈر لگتا تھا۔ مجھے آئی فون کی کوئی سمجھ نہیں آتی تھی، حتیٰ کہ میں کال بھی ریسیو نہیں کر سکتا تھا۔ میں ڈرتا تھا کہ میرے آئی فون کی گھنٹی بجے گی اور اس کے بعد مجھے معلوم نہیں ہو گا کہ مجھے کیا کرنا ہے۔'
ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک ایک انٹرویو میں وارن بفے کی تعریف کرتے ہوئے بتا چکے ہیں کہ 'میں بہت خوش ہوں کہ وارن بفے نے ایپل میں سرمایہ کاری کی ہے۔ وہ میرے لیے ایک اچھے ٹیچر کی حیثیت رکھتے ہیں ۔'
تاہم اب وارن بفے نے خود ٹم کک کا شاگرد ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ یاہو سے انٹرویو میں وارن بفے نے مزید کہا کہ 'ایک بار ٹم کک نے مجھے آئی فون سکھانے کی بہت کوشش کی۔ میں کیلیفورنیا گیا اور وہاں ٹم کک بڑے تحمل کے ساتھ گھنٹوں مجھے آئی فون چلانا سکھاتے رہے لیکن اس معاملے میں میں کسی دو سالہ بچے جیسا تھا اور مجھے سمجھ ہی نہیں آتی تھی۔'
واضح رہے کہ وارن بفے سالہا سال تک سام سنگ کا ایک سادہ سا فلپ فون استعمال کرتے رہے، جس کا وہ گزشتہ سال سی این بی سی کو انٹرویو میں بتا چکے ہیں تاہم اب وہ آئی فون 11 استعمال کرتے ہیں۔
Comments are closed on this story.